(لاہور نیوز) شہر میں فضائی آلودگی کی خطرناک شرح برقرار ہے اور لاہور دنیا بھر میں آلودگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آگیا ہے، شہر میں اوسط فضائی آلودگی کی شرح 426 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں صورتحال مزید تشویشناک ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ 2 میں فضائی آلودگی کی شرح 600 اور برکی روڈ پر 550 ریکارڈ کی گئی ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سموگ اور فضائی آلودگی کی شدت نمایاں ہے، جہاں گوجرانوالہ میں اوسط فضائی آلودگی کی شرح 660 اور ملتان میں شرح 640 رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار انتہائی کم ہونے کے باعث فضا میں آلودگی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پیشگوئی ہے کہ آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم لاہور کا موسم بتدریج سرد ہونے لگا ہے اور آئندہ ہفتے موسم خنک و سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین اور موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کم ہوا اور بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی کی سطح بلند رہ سکتی ہے، جس سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
