(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں 13 سالہ گھریلو ملازم پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم حسین نے کم سن ملازم عبداللہ کو مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچے کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی گہری چوٹیں آئیں۔
دوسری جانب زخمی بچے کو علاج کے لیے شیخ زاید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں وہ زیر علاج ہے۔
علاوہ ازیں زخمی بچے عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے زمین پر پٹخ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس پر چوری کا الزام عائد کیا گیا، تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس نے کوئی چوری نہیں کی۔
واقعے کے بعد بچے کی والدہ پروین نے تھانہ نواب ٹاؤن میں درخواست جمع کروا دی ہے، والدہ کا الزام ہے کہ درخواست دینے کے باوجود تاحال پولیس نے نہ مقدمہ درج کیا ہے اور نہ ہی نامزد ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
متاثرہ بچے کی والدہ پروین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لیا جائے، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
