(لاہور نیوز) شہر میں ٹریفک چالان نادہندگان کی تعداد 7 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی، جبکہ نادہندگان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
چالان ادا نہ کرنے والے شہریوں کی گاڑیوں کی ملکیت منتقل کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی اور سینئر سول جج محمد جمیل بھٹی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں چالان نادہندگان کے خلاف کارروائی کیلئے محکمہ ایکسائز کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈیجیٹل ٹریفک چالان نادہندگان کے گھروں پر عدالت کی جانب سے سمن بھجوائے جا رہے ہیں، ایک ہفتے کے دوران 8 ہزار 560 چالان نادہندگان کو عدالتی سمن جاری کئے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل چالان جاری ہونے کے 10 روز بعد معاملہ خودکار طریقے سے عدالت منتقل کر دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو جرمانے کی ادائیگی کے بعد ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے کی ہدایت کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈبل جرمانے سے بچنے کیلئے متعدد شہری ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے تھے، جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد دستاویزات چھڑوانے کے بجائے نیا شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس بنوا لیتی تھی۔
اب عدالتی سمن کے ذریعے چالان نادہندگان کو طلب کرکے جرمانے کی ادائیگی اور اپنی دستاویزات واپس لینے کا پابند بنایا جائے گا۔
