(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں روڈ سیفٹی سیمینار اور سکوٹی ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام میں سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شرکت کی اور طلبہ و طالبات کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیا، اس موقع پر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کی 60 طالبات کو سکوٹی چلانے کی عملی تربیت فراہم کی گئی، جبکہ طالبات نے سکوٹی چلانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا، سی ٹی او لاہور نے تربیت مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، خواتین ملک کی کل آبادی کا 52 فیصد ہیں، ان کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ویمن آن وہیلز پروجیکٹ کے تحت اب تک 7 ہزار 733 خواتین کو مفت سکوٹی ٹریننگ فراہم کی جا چکی ہے، خواتین ویمن آن وہیلز سکول، ایل او ایس فیروز پور روڈ سے ہمہ وقت مفت ڈرائیونگ ٹریننگ حاصل کر سکتی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر خواتین ڈرائیورز کے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں سکوٹی رائیڈ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو محفوظ اور خودمختار سفر کے قابل بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہذب معاشرے کا اندازہ شہریوں میں موجود ٹریفک شعور سے لگایا جا سکتا ہے، ٹریفک نظام کا انحصار روڈ انجینئرنگ، ایجوکیشن اور انفورسمنٹ پر ہے، ٹریفک نظام میں بہتری صرف چالان کرنے سے نہیں بلکہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے سے ممکن ہے، ہر کام سختی سے نہیں کیا جا سکتا، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے آگاہی اور تعلیم بے حد ضروری ہے، اچھا ڈرائیور وہی ہے جو محفوظ ڈرائیونگ کو ترجیح دے۔
