بچوں پر تشدد کے واقعات میں فوری مقدمہ ،ملزمان کی گرفتاری یقینی بنا رہے ہیں:آئی جی پنجاب
(لاہور نیوز) بچوں کے استحصال اور تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب پولیس نے بچوں کے حقوق کے تحفظ، تشدد کی روک تھام اور متاثرہ بچوں کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی ریڈ لائن ہے، بچوں پر تشدد کے واقعات میں فوری مقدمات کا اندراج اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے بچوں کے تحفظ سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی جاری ہے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق مجرمان کو سزائیں دلوانے کے لیے نئے قوانین اور سپیڈی کورٹس کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ بچوں اور خواتین کی بحالی کے لیے تحفظ منزل فوسٹر ہوم کامیابی سے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانس جینڈر بچوں کی تعلیم اور تحفظ کے لیے تحفظ درسگاہ کے پروگرامز جاری ہیں، محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
