ایف آئی اے فارن فنڈنگ انکوائری، بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی استدعا مسترد
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی ایف آئی اے فارن فنڈنگ انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وکلا کو تیاری کیلئے مہلت دے دی اور مزید کارروائی تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔
جسٹس طارق محمود باجوہ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ نے اپنے مؤکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کی تیاری کیلئے انہیں اپنے مؤکل سے ہدایات لینا ہیں، لہٰذا ملاقات کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنے کیس کی حد تک بات کریں، ملاقات کرانا عدالت کا اختیار نہیں ہے۔
وکیل انتظار پنجوتھہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں کال اپ نوٹس جاری کیا تھا، جبکہ ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ نوٹس چار سال پرانا ہے اور اس کی مدت گزر چکی ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو کیس کی تیاری کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی، عدالت نے ایف آئی اے کو پہلے ہی انکوائری سے تاحکم ثانی روک رکھا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 5 نومبر 2022 کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں فارن فنڈنگ سے متعلق ایف آئی اے کی انکوائری کو چیلنج کیا گیا ہے۔
