(ویب ڈیسک) کاہنہ کے علاقہ میں نجی فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے سے کیئر ٹیکر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، زخمی کیئر ٹیکر کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گیا، پنجاب وائلڈلائف نے اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی شروع کر دی، وائلڈ لائف حکام نے کہا کہ پولیس نے بریڈنگ فارم مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کاہنہ پولیس نے فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا، حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا، نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کیلئے فارم ہاؤس پہنچا تھا جہاں شیرنی قابو سے باہر ہو گئی، شیرنی کے حملے سے فارم کا ملازم 19 سالہ طلحہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی طلحہ کو علاج کیلئے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا، واقعے کی حقیقت چھپانے کیلئے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مشکوک صورتحال کی جانچ کی گئی تو شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی، واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے، شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے پہلوؤں کی جانچ جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا، واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات ہوں گی، شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
