(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اجوکا تھیٹر نے کئی دہائیوں تک تھیٹر کے شعبے میں خدمات انجام دینے کے بعد سینما کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔
اجوکا پروڈکشنز نے پنجابی لوک تھیٹر کی معروف فنکارہ بالی جٹی کی زندگی اور جدوجہد پر مبنی اپنی پہلی فیچر فلم بنانے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران فلم کا لوگو، ٹیزر اور ایک گانا بھی پیش کیا گیا، فلم کی کہانی 1970 کی دہائی کے پنجاب کے ثقافتی ماحول، لوک موسیقی، تھیٹر کی روایات اور پنجابی تھیٹر کے سنہری دور کی عکاسی کرے گی۔
فلم کے مصنف، محقق اور ہدایت کار اجوکا تھیٹر کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم ہیں، فلم میں بالی جٹی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، جن کا اصل نام عنایت بی بی تھا۔
فلم میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح عنایت بی بی نے خاندانی اور سماجی مخالفت کے باوجود گلوکاری کا سفر شروع کیا اور بعد ازاں لوک تھیٹر کی نمایاں فنکارہ بنیں، کہانی میں ان کی فنی جدوجہد، ذاتی تعلقات، پیشہ ورانہ رقابتوں اور زندگی میں پیش آنے والے چیلنجز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد ندیم نے کہا کہ فلم بنانے کا مقصد پنجاب کے لوک تھیٹر کی تاریخ کی ایک اہم شخصیت کی غیر معمولی زندگی کو سینما کے ذریعے نئی نسل اور وسیع تر ناظرین سے متعارف کرانا ہے۔
معروف لوک گلوکار عارف لوہار نے اجوکا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلم بالی جٹی اور عالم لوہار جیسے فنکاروں سے وابستہ پنجابی لوک تھیٹر کے سنہری دور کی یادیں تازہ کرنے میں مدد دے گی۔
پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید نے بالی جٹی پر اپنی تحقیق کے حوالے سے گفتگو کی اور ان کی زندگی اور فنی خدمات کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب میں لوک فنکار عباس جٹ، فوٹوگرافر و اسٹائلسٹ خاور ریاض، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر کے ڈائریکٹر جنرل اسلم شاہد، فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی، اجوکا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نروان ندیم، اجوکا کی چیئرپرسن زارا سلمان اور ٹیلی ویژن پروڈیوسر محسن جعفر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
فلم کیلئے اداکاروں کے انتخاب کا عمل جاری ہے، جبکہ عکس بندی لاہور اور اس کے گردونواح میں کی جائے گی، فلم کی تیاری مارچ تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فلم کو ابتدائی طور پر پاکستان کے سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد بین الاقوامی نمائش اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔
اجوکا پروڈکشنز کے مطابق فلم ’بالی جٹی‘ کے ذریعے پنجاب کے لوک تھیٹر اور ثقافتی ورثے کی ایک اہم داستان کو بڑی سکرین پر پیش کیا جائے گا۔
