(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ گنے کا سیزن شروع ہونے والا ہے، گنا تیار ہے لیکن ابھی تک کرشنگ سیزن شروع نہیں ہوا، مہنگے ڈیزل نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو گنے کے ساتھ گندم بھی کاشت کرنی ہے اور گندم کی کاشت میں ٹریکٹر کا اہم کردار ہے، ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹریکٹر کے اخراجات بھی بڑھ جائیں گے جس کا بوجھ براہ راست کسان پر پڑے گا، حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرے، اس اقدام سے حکومت کو بھی فائدہ ہو گا، چھوٹی گاڑیوں پر لیوی اور ٹیکس ختم جبکہ بڑی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر بوجھ ڈال کر ریفائنری کو فائدہ پہنچایا گیا ہے، لینڈ مافیا اور ٹیکس مافیا جیسے عناصر ہر حکومت میں موجود ہوتے ہیں، یہ مافیا عوام کا خون چوس رہا ہے، ایل پی جی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، بجلی مزید مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ ملک میں ایل پی جی کا بحران بھی جاری ہے۔ عوام کو حکومتی نرخوں پر گیس دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالنا چاہئے، ہمارے احتجاج کے نتیجے میں حکومت نے عوام کو کچھ ریلیف دیا، جبکہ حکومت کو تمام معاملات تکنیکی انداز میں سمجھائے ہیں، کسانوں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسوں اور لیوی پر نظرثانی کی جائے۔
