(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی سرگرمیاں مزید تیز کر دیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی عامر لیاقت نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا،انسداد ڈینگی ٹیموں سے ملاقات کی اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں پر بریفنگ حاصل کی۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں ڈینگی لاروا کی تلاش اور تلفی کے لیے جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نےانسداد ڈینگی ٹیموں کو سرویلنس سرگرمیاں مؤثر بنانے اور فیلڈ میں متحرک رہنے اور ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے ہاٹ اسپاٹس کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر انسداد ڈینگی اقدامات کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر ،آگاہی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے انسداد ڈینگی مہم میں غفلت برتنے سے گریز اور ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
