23 Oct 2026
(لاہور نیوز) کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی نظامِ ہاضمہ بہتر بنانے، بلڈ شوگر قابو میں رکھنے اور دل کی صحت برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد ہلکی واک معدے اور آنتوں کی سرگرمی بہتر بنانے اور پیٹ کے بھاری پن میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے، باقاعدگی سے پیدل چلنے سے بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے اور دورانِ خون بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے، ذیابیطس کے مریضوں کیلئے کھانے کے بعد تقریباً 10 منٹ کی ہلکی واک خون میں شوگر کی سطح کنٹرول کرنے میں مفید ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ کی معمولات میں مختصر واک شامل کرنے سے جسمانی سرگرمی بڑھائی جا سکتی ہے، جو وزن اور دل کی صحت کیلئے فائدہ مند ہے، کھانے کے بعد سخت ورزش کے بجائے اپنی جسمانی کیفیت کے مطابق ہلکی چہل قدمی کو ترجیح دینا بہتر ہے۔
