(لاہور نیوز) پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے سکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کا حکم دے دیا۔
پرنسپل نے اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (اے ایم ایس) کو سکیورٹی گارڈز کی کارکردگی رپورٹ مرتب کرکے 24 گھنٹے میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کے مطابق سکیورٹی سپروائزر کے طور پر کوئی اہلکار ڈیوٹی نہیں کرے گا، جبکہ تمام سکیورٹی اہلکار اپنے اصل عہدے کے مطابق فرائض انجام دیں گے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ’’ایک مریض، ایک تیماردار‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سست روی اور غفلت کے مرتکب سکیورٹی گارڈز کی ہسپتال میں کوئی جگہ نہیں اور مریضوں سمیت ان کے لواحقین کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
