کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی: تقریبات کے انعقاد سے قبل پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی قرار
(لاہور نیوز) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تقریبات کے انعقاد کے لیے نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
وائس چانسلر کی ہدایت پر رجسٹرار آفس نے آفس آرڈر جاری کرتے ہوئے تمام تقریبات کے انعقاد سے قبل پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق کسی بھی ایونٹ، سیمینار یا ورکشاپ کے انعقاد سے قبل رجسٹرار آفس سے باقاعدہ اجازت لینا ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام چیئرپرسنز، شعبہ جات کے سربراہان (HODs) اور فیکلٹی ممبران کو متعلقہ سرگرمی کے حوالے سے تفصیلی پروپوزل جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آفس آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی چیف گیسٹ یا مہمان خصوصی کو مدعو نہیں کیا جا سکے گا۔
اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور تقریبات کے شیڈول میں ممکنہ تکرار سے بچنا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام متعلقہ حکام کو نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
