(لاہور نیوز) لاہورتعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحان میں ریاضی پرچہ کے موقع پر کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے مختلف امتحانی سینٹرز پر چھاپے مارے۔
امتحانی مرکز لارنس روڈ میں محمد ساحل کی جگہ جعلی امیدوار ساحل حیات رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، گورنمنٹ ہائی سکول رائے ونڈ سینٹر سے امیدوار محمد علی عباس کوموقع پر نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز رائیونڈ سے امیدوار ریان خان کو امتحانات کے دوران ناجائز ذرائع استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا جبکہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول فار بوائز مریدکے سے امیدوار شعیب خالد کی جگہ بھی جعلی امیدوار محمد اشرف امتحان دیتا پکڑا گیا۔
جعلی امیدواروں پر ایف آئی آر درج کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے توصیف الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی اور نقل پر 'زیرو ٹالرینس پالیسی' نافذ ہے۔
