پنجاب میں رواں سال 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، 19 ہزار مشتبہ افراد زیرِ حراست
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے شرپسند، دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے صوبہ بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبے بھر میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 37 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 19 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے 102 کلاشنکوف، 3 ہزار 445 پستول، 281 بندوقیں، 311 رائفلیں اور 92 ریوالور برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ بھاری تعداد میں گولیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں تاکہ مشتبہ اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر انہیں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
