(لاہور نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے کھیلوں کے فروغ کے لیے سالانہ بجٹ ڈھائی کروڑ روپے سے بڑھا کر ساڑھے 6 کروڑ روپے کر دیا۔
سالانہ انٹر کالجیٹ کھیلوں کے مقابلوں میں کھلاڑیوں، کوچز اور منیجرز کے لیے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے نقد انعامات بھی مختص کیے گئے ہیں۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ انٹر کالجیٹ کھیلوں کے مقابلوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہوا، جس میں لاہور ڈویژن کے کالجز کے ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن، اساتذہ اور متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر احسان علی کو صدر سپورٹس کمیٹی مقرر اور ڈاکٹر بدر محی الدین کو آرگنائزنگ سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال انٹر کالجیٹ کھیلوں کے مقابلوں میں تقریباً 10 ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے، لڑکوں کے لیے 24 مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں تمام سرکاری اور نجی کالجز کو شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کے یومیہ معاوضوں اور ریفریشمنٹ کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال 300 تعلیمی اداروں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا گیا تھا۔ رواں سال بھی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طلبہ کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
چیئرمین لاہور بورڈ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے کھیلوں کے فروغ سے متعلق ویژن کو سراہا اور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ڈاکٹر بدر محی الدین سمیت متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دی۔
