مریم نواز کی خیبرپختونخوا میں 13 سالہ حکمرانی پر تنقید، ترقی اور عوامی خدمت کا مطالبہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خیبرپختونخوا کی گزشتہ 13 سالہ حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو دھرنوں، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز کے بجائے ترقی اور عوامی خدمت کی ضرورت ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر آج خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں ہو رہی ہیں تو یہ عوام کا نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کا موازنہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ دونوں صوبے ایک ہی ملک، آئین اور قومی خزانے میں حصہ دار ہیں تو پھر ایک صوبے میں ترقی اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں ہے؟ ان کے مطابق فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر پنجاب میں صفائی، طلبہ کے لیے اسکالرشپس، خواتین کے تحفظ، گرین الیکٹرک بسوں، دیہی سڑکوں اور صحت کی سہولیات کے منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں تو خیبر پختونخوا میں بھی ایسے اقدامات ہونے چاہییں۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی سرگرمیوں کو ترجیح دی گئی، جس کے باعث ترقیاتی منصوبے اور بنیادی سہولیات متاثر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ثابت کیا ہے کہ حکومتیں نعروں اور دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے چلتی ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام کو اب انتشار کے بجائے خدمت کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر 13 سالہ انتشار اور نااہلی کو صوبے کے مسائل کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
