(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ نے عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سستے آٹے کی فراہمی کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بے حد تکلیف دہ ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی اور سستے آٹے کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رہے گی، جبکہ قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کریں۔
