(لاہور نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں کو کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ ماحولیات نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور میں دھواں چھوڑنے والی کمرشل اور ہیوی ٹریفک کے داخلے کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ رات 11 بجے کے بعد ہیوی ٹریفک کے اوقات میں شہر کے داخلی راستوں پر خصوصی ماحولیاتی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
محکمہ ماحولیات کا انوائرنمنٹ سٹاف دن کے اوقات میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں متحرک ہے اور گاڑیوں کی خصوصی طور پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور علی اعجاز کے مطابق ایسی گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جارہا ہے جو مقررہ ماحولیاتی معیار کے برعکس دھواں خارج کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چالان کئے جا رہے ہیں جبکہ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سزائیں بھی دی جا رہی ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں پر قابو پانے اور فضائی آلودگی میں کمی کیلئے شہر کے داخلی راستوں سمیت مختلف علاقوں میں نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
