07 Oct 2026
(ویب ڈیسک) خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہو گیا۔
لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے دیگر ایئرپورٹس سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی 7 سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر لینڈنگ کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 21 پروازیں منسوخ جبکہ متعدد پروازیں 3 سے 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔
