01 Oct 2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مبینہ فراڈ کے مقدمے میں ملزم علی خان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
جسٹس صادق محمود خرم نے ملزم علی خان کی جانب سے دائر عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا، عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد ملزم نے عدالت سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش کی، جسے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ناکام بناتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔
اس دوران مدعی اور ملزم کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہنگامہ آرائی بھی ہوئی اور دونوں فریق گتھم گتھا ہو گئے، پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرکے صورتحال پر قابو پا لیا۔
عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت خارج کئے جانے کے بعد ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
