(لاہور نیوز) سینٹرل جیل لاہور میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کامران مقبول کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ شام تقریباً ساڑھے 7 بجے جیل کے اندر کمرہ جات میں قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی ہوئی، ایک گروپ میں محمد اشرف اور فلک شیر جبکہ دوسرے گروپ میں محمد عثمان عرف شانی، جاوید اقبال اور آصف محمود شامل تھے۔
مقدمے کے مطابق جھگڑا کھانے کی تقسیم اور پانی کے پائپ لگانے کے معاملے پر شروع ہوا، ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ محمد عثمان عرف شانی اور اس کے ساتھی قیدیوں نے سٹیل کے مگ سے بنائے گئے تیز دھار آلے سے محمد اشرف اور فلک شیر پر حملہ کیا۔
حملے کے نتیجے میں محمد اشرف اور فلک شیر شدید زخمی ہو گئے، دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے جیل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کیلئے جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق محمد اشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ فلک شیر زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت تینوں قیدیوں کے خلاف درج کرلیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
