(لاہور نیوز) لاہور تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے رزلٹ کارڈز جاری کرنے کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ہارڈ کاپی جاری کرنے کا سلسلہ ختم کر دیا۔
بورڈ حکام کے مطابق اب انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ کارڈز ہارڈ فارم کے بجائے سافٹ فارم میں جاری کئے جائیں گے، جبکہ رزلٹ کارڈز کی پرنٹنگ اور ڈاک کے ذریعے ترسیل بھی ختم کر دی گئی ہے۔
لاہور بورڈ نے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کو نئے طریقہ کار سے آگاہ کر دیا ہے، نئے نظام کے تحت رزلٹ کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے نتائج کی آن لائن تصدیق بھی کی جا سکے گی۔
بورڈ حکام کے مطابق پرائیویٹ امیدوار لاہور بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے رزلٹ کارڈ کی سافٹ کاپی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، جبکہ ریگولر امیدواروں کے رزلٹ کارڈ متعلقہ تعلیمی اداروں کے پورٹل پر بھجوا دیئے گئے ہیں۔
نئے طریقہ کار سے طلبہ کو اپنے تعلیمی ریکارڈ تک فوری اور آسان رسائی حاصل ہو گی، جبکہ رزلٹ کارڈز کی ہارڈ کاپی کی پرنٹنگ اور ترسیل ختم ہونے سے لاہور بورڈ کے پرنٹنگ اور ڈاک کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
بورڈ حکام کے مطابق رزلٹ کارڈز کی پرنٹنگ اور ترسیل کے اخراجات ختم ہونے سے بورڈ کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت بھی متوقع ہے۔
