(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو 2026 کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔
لاہور بورڈ میں رواں سال امتحان میں ایک لاکھ 89 ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔امتحان میں ایک لاکھ 23 ہزار امیدوار کامیاب ہوئے۔امتحان میں کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زائد رہا۔66 ہزار سے زائد امیدوار امتحان میں فیل ہو گئے۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کے اعلان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود بھی شریک ہوئے۔چیئرمین لاہور بورڈ بدرالسلام اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
دوسری جانب تعلیمی بورڈ ملتان اور بہاولپور نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
تعلیمی بورڈ ملتان کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مجموعی طور پر 79 ہزار 796 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 53 ہزار 489 امیدوار کامیاب قرار پائے، بورڈ کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 67.3 فیصد رہا۔
اسی طرح بہاولپور بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 48 ہزار 249 ریگولر جبکہ 12 ہزار 343 پرائیویٹ امیدوار شامل تھے۔
بہاولپور بورڈ کے مطابق کامیاب امیدواروں میں 31 ہزار 850 ریگولر اور 4 ہزار 454 پرائیویٹ طلبہ شامل ہیں، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 59.92 فیصد رہا، جبکہ ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 66.01 فیصد اور پرائیویٹ امیدواروں کا 36.09 فیصد رہا۔
بہاولپور بورڈ کے مطابق پنجاب گروپ آف کالجز نے بورڈ بھر میں 9 پوزیشنز حاصل کیں۔
