24 Sep 2026
(لاہور نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو ایف آئی اے کا سب انسپکٹر ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر ایف آئی اے سب انسپکٹر کا روپ دھار کر یونیفارم اور ایف آئی اے کے بیجز استعمال کر رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے ملزم کو رائیونڈ ڈویژن لیسکو کے دفتر سے گرفتار کیا، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایف آئی اے کی یونیفارم، انویسٹی گیشن انسگنیا، سب انسپکٹر کے پپس، جعلی ایف آئی اے فائل اور دیگر دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔
ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران اہم شواہد بھی تحویل میں لے لئے، ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 419 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
