پنجاب سمیت ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان آج، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار شریک
(لاہور نیوز) ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 ٹیسٹ آج ہو رہا ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔
پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے۔
ٹیسٹ میں پنجاب بھر سے 49 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ امتحان کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ امتحانی مراکز میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
امتحانی پرچے سخت حفاظتی نگرانی میں صبح 6 بجے متعلقہ مراکز میں پہنچا دیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی انتظامات کے لیے موجود ہے، جبکہ امتحانی عملہ بھی اپنے اپنے مراکز پر پہنچ چکا ہے۔ امیدواروں کی امتحانی مراکز آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
امیدواروں کو صبح ساڑھے 7 بجے سے امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت دی گئی، جبکہ داخلے کا آخری وقت صبح 9 بجے مقرر کیا گیا ۔ مقررہ وقت کے بعد تمام مراکز کے داخلی دروازے بند کر دیے گئے اور کسی امیدوار کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
امیدواروں اور امتحانی عملے کی جامع تلاشی لی جائے گی، جبکہ مراکز پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کا امتحان صبح 10 بجے شروع ہو کر دوپہر ایک بجے اختتام پذیر ہوگا۔
تمام امتحانی مراکز پر پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور نادرا کا عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ امتحانی عمل کو پُرامن، محفوظ اور شفاف بنانے کے لیے انتظامی و سکیورٹی امور کی نگرانی کی جا سکے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا ہے، ہر صوبے کے لیے علیحدہ پرچہ ہوگا جبکہ کم از کم دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے ہیں۔
ہر پرچے میں امیدواروں کے لیے 180 سوالات شامل ہوں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد صوبائی حکام اور نامزد جامعات کی ذمہ داری ہے، جبکہ امتحان کے بعد متعلقہ جامعات سوالیہ پرچے اپنے پاس رکھ سکتی ہیں۔
امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔
امتحان ختم ہونے کے بعد امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جاسکیں گے، انہیں مرکز سے روانہ ہونے سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا، جبکہ سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ کردیا جائے گا۔
امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی ہے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی یہ بھی کی گئی ہے کہ جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے، جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں شرکت کرسکیں گے، تاہم امتحانی مرکز پر امیدواروں کی شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی، اس لیے امیدواروں کو شناخت اور دستاویزات سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
لاہور میں 6 امتحانی مراکز، 12 ہزار 30 امیدوار شریک ہوں گے
لاہور میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے 6 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 12 ہزار 30 امیدوار امتحان دیں گے۔ ان میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ شامل ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہال وحدت روڈ میں 4 ہزار 400 طالبات، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایک ہزار 600 طالبات اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ میں ایک ہزار 624 طالبات امتحان دیں گی۔
اسی طرح ڈویژنل پبلک سکول ٹاؤن شپ میں 881 طلبہ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ایگزامینیشن ہالز لارنس روڈ میں 2 ہزار طلبہ، جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس ڈیفنس روڈ میں ایک ہزار 525 طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوں گے۔
امتحانی مراکز پر سکیورٹی اور انتظامی عملہ تعینات ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے امتحانی عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
