19 Sep 2026
(لاہور نیوز) سکولوں کے بعد کالجز میں بھی سرکاری آسامیاں ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ ہائر ایجوکیشن نے مختلف ڈویژنز کے کالجز میں نان ٹیچنگ سٹاف کی 450 سے زائد آسامیاں ختم کر دیں۔
کالجز میں نان ٹیچنگ سٹاف کی سینکڑوں پوسٹیں ختم کیے جانے پر اساتذہ اور ملازمین نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ کالجز میں پہلے ہی سٹاف کی کمی ہے، جبکہ کام کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے، ایسے میں مزید آسامیاں ختم کرنے سے انتظامی مسائل میں اضافہ ہوگا۔
اساتذہ اور ملازمین کے مطابق نان ٹیچنگ سٹاف کی پوسٹیں ختم ہونے سے کالجز کے انتظامی امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے سے موجود عملے پر کام کا دباؤ بڑھے گا، جس سے کالجز کی روزمرہ کارکردگی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
