(لاہور نیوز) پی سی بی حکام کے ہمراہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) کے 5 رکنی سکیورٹی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
وفد میں برطانوی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز روب ہل مین، ڈائریکٹر سکیورٹی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ریگ ڈکاسن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انگلینڈ پلیئر کرکٹ ایسوسی ایشن ڈیرل مچل شامل تھے۔
ایم ڈی سیف سٹی محمد احسن یونس اور سی او او مستنصر فیروز نے وفد کو جدید سرویلنس سسٹم، کمانڈ اینڈ کنٹرول میکنزم اور آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
برطانوی وفد کو لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز کیلئے سکیورٹی پلان، ٹیم روٹس، ایئرپورٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور اہم مقامات کی سرویلنس کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔
وفد نے لاہور اور راولپنڈی میں نصب جدید کیمروں، اے آئی بیسڈ ویڈیو اینالیٹکس اور سمارٹ سرویلنس سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والی سہہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
برطانوی وفد نے اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ، ڈیجیٹل شواہد کے نظام اور ریئل ٹائم صورتحال کی نگرانی کیلئے استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
انگلینڈ سکیورٹی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مربوط سکیورٹی نظام، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور بین الاقوامی معیار کے سکیورٹی اقدامات کو سراہا۔
برطانوی وفد نے محفوظ ماحول میں بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کیلئے سیف سٹی کے کردار اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
