(لاہور نیوز) صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ویمنز فٹبال ٹیم کی عالمی رینکنگ مردوں کی ٹیم سے بہتر ہے، خواتین فٹبال کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
اسلام آباد میں ویمن فٹبال اسٹریٹیجی 2026-30 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے تعاون سے ویمن فٹبال اسٹریٹیجی تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم نے پہلی بار فیفا ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کی اور حالیہ فیفا ٹورنامنٹ میں 8 گول سے کامیابی حاصل کی۔ قومی خواتین ٹیم کی کامیابی کے پیچھے بھرپور محنت شامل ہے۔
محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ خواتین کو فٹبال کی جانب راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان مینز فٹبال ٹیم کی مینیجر بھی پہلی بار ایک خاتون کو مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف خواتین کھلاڑی ہی نہیں بلکہ خواتین کوچز اور ریفریز کو بھی پاکستان کے لیے سامنے لانا چاہتے ہیں، ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کے لیے حکومت کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
صدر پی ایف ایف نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ، صوبائی اسپورٹس بورڈز اور وزارت بین الصوبائی رابطہ پی ایف ایف کی کافی مدد کر رہے ہیں۔
محسن گیلانی نے بتایا کہ یوتھ لیول پر ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور انڈر 15 قومی ویمنز ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو آئندہ سال فیفا ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تک قومی خواتین کی لیگ نہیں ہوئی، تاہم قومی ویمن چیمپئن شپ ضرور منعقد ہوتی رہی ہے۔ ہوم میچز کے انعقاد پر کافی وسائل خرچ ہوتے ہیں، اس لیے خواتین فٹبال کے لیے سیریز کی صورت میں میچز شیڈول کرنا ہوں گے، کیونکہ صرف ایک میچ کے لیے وسائل استعمال کرنا مہنگا پڑتا ہے۔
محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ بیرون ملک جاتے ہیں تو دیگر فٹبال بورڈز ہمیشہ پاکستان کی ویمنز ٹیم کے ساتھ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال گورننس ہمیشہ سے ایک مسئلہ رہی ہے، فیفا کے ساتھ مل کر گورننس سے متعلق ورکشاپ بھی کی گئی ہے، جس سے پی ایف ایف میں شفافیت کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
