(لاہور نیوز) بجلی کے بھاری بل نے نوجوان کو موٹر سائیکل فروخت کرنے پر مجبور کر دیا لیکن بائیک بیچنے پہنچا تو ایک مصیبت نے گھیر لیا،
26 ہزار روپے کا بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے موٹرسائیکل فروخت کرنے والے نوجوان کے 70 ہزار روپے کے ای چالان نکل آئے، نوجوان کی موٹرسائیکل کے 35 ای چالان ہوئے، تمام چالان ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر کیے گئے،نوجوان پر 35 ای چالانوں کی مد میں مجموعی طور پر 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سدھار بائی پاس پر نصب کیمروں کے ذریعے نوجوان کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، نوجوان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کے 70 ہزار روپے کے ای چالان معاف کیے جائیں کیونکہ وہ پہلے ہی بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے موٹرسائیکل فروخت کرنے پر مجبور ہے۔
اب 26 ہزار روپے کے بجلی کے بل سے پریشان نوجوان کے لیے 70 ہزار روپے کے ای چالان ایک اور بڑا مسئلہ بن گئے ہیں۔
