(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث اطراف کی سڑکوں کی بندش کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔
درخواست کی سماعت جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری نسیم اختر کی درخواست پر کی، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے طالب حسین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کی جانب سے 16 اگست سے دھرنا دیا جا رہا ہے، جس کے باعث اطراف کی سڑکیں بند ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ آئین شہریوں کو احتجاج کا حق دیتا ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں عام شہریوں کو اذیت میں مبتلا نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ حکام کو دھرنے کے باعث بند سڑکیں کھولنے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔
