(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق، ارکان اسمبلی، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی واسا، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اضلاع میں خوراک، جانوروں کے چارے، ریسکیو سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات ہر وقت تیار رکھے جائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود ممکنہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور متعلقہ اضلاع کو فوری فنڈز کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے، جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے عملے کو فلڈ ریلیف کیمپس میں 24 گھنٹے موجود رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے مطابق پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات کے مطابق کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم سے صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ حالیہ ریکارڈ بارشوں کے دوران ریکارڈ وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں۔
