(لاہور نیوز) بغیر کارآمد ویزا پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 4 جولائی سے 25 جولائی کے دوران 158 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا، جنہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے قائم کیمپ منتقل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد متعدد افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بغیر مؤثر ویزا پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے بعد ملک بدر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کیے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں اور گرفتار افراد کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
