(ویب ڈیسک) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ اولین فریضہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔
لاہور میں تجارتی مراکز، مارکیٹوں میں کاروبار، ملازمت سے منسلک افغانیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی افغانیوں کو رہائش، سہولت دینے والوں کو بھی گرفت میں لیں۔
صدر ڈویژن پولیس کے ساتھ انسدادِ جرائم سے متعلق اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز کو موٹرسائیکل سنیچنگ کی وارداتیں کنٹرول کرنے کی ہدایت کر دی، ایس پی سکیورٹی، ایس پی صدر، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارج چوکی اجلاس میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئس، چرس و دیگر منشیات کی ترسیل روکیں، بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں، اشتہاری و عادی مجرمان، عدالتی مفروران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں، خواتین و بچوں سے متعلقہ کیسز پر زیروٹالرنس کی پالیسی ہے، فوری کارروائی کریں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جرم کسی صورت قابل قبول نہیں، درست دفعات کے تحت مقدمات درج کریں، ایس ایچ اوز کرائم سین پر لازمی پہنچیں، مظلوم شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے تقاضے پورے کریں، کرپشن، فرائض میں غفلت و لاپرواہی پر قانونی و محکمانہ کارروائی ہو گی۔
