(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بچوں کے مبینہ اغوا کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں سے اڑھائی سالہ بچی سمیت تین بچوں کے لاپتا ہونے کے بعد پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مصطفیٰ ٹاؤن کے علاقے سے 11 سالہ عبد الکریم مبینہ طور پر لاپتا ہو گیا، ایف آئی آر کے مطابق عبد الکریم معمول کے مطابق مدرسے گیا تھا تاہم رات گئے تک گھر واپس نہ آیا، اہل خانہ نے اپنے طور پر کافی تلاش کی لیکن بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
دوسرا واقعہ رائیونڈ کے علاقے نادرا پلی کے قریب پیش آیا، جہاں 10 سالہ احسن کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا، اہل خانہ کے مطابق بچہ اچانک لاپتا ہوا جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی، تاہم کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ادھر نشتر کالونی میں گلی میں کھیلتی اڑھائی سالہ بچی بھی مبینہ طور پر اغوا کر لی گئی، اہل خانہ اور رشتہ داروں نے بچی کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر کوششیں کیں مگر اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
پولیس نے تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
