تعلیمی سال 2026۔27: سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نئے لرننگ آؤٹ کم ٹارگٹس جاری کر دیے
(لاہور نیوز) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تعلیمی سال 2026–27 کے لیے جماعت اول تا پنجم کے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے مقصد سے اردو، انگریزی اور ریاضی کے نئے لرننگ آؤٹ کم ٹارگٹس جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ہر سکول کے لیے الگ الگ تعلیمی اہداف مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ طلبا اور طالبات کے لیے Gender-Disaggregated Learning Targets بھی تیار کیے گئے ہیں تاکہ تعلیمی پیش رفت کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکول وار لرننگ ٹارگٹس فوری طور پر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) اور ہیڈ ٹیچرز تک پہنچائے جائیں۔ اس مقصد کے لیے ٹارگٹس واٹس ایپ گروپس اور سرکاری ای میلز کے ذریعے بھی شیئر کیے جائیں گے۔
محکمہ نے اے ای اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماہانہ مانیٹرنگ وزٹس کے دوران ان ٹارگٹس پر عملدرآمد کا باقاعدہ جائزہ لیں، جبکہ تمام اضلاع کی ریویو میٹنگز میں بھی لرننگ آؤٹ کم ٹارگٹس کو ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے۔
یہ نئے تعلیمی اہداف ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری GRADES منصوبے کے تحت نافذ کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری لانا، سیکھنے کے نتائج کو مؤثر بنانا اور معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کو فوری طور پر آگاہ کرتے ہوئے ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
