(لاہور نیوز) لاہور میں ای چالان ایک شہری کیلئے خوش قسمتی کا سبب بن گئے، جہاں ٹریفک خلاف ورزیوں پر موصول ہونے والے ای چالان کی مدد سے چوری شدہ گاڑی کا سراغ لگا کر اسے برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق قیمتی گاڑی ڈیفنس بی کے علاقے سے چوری ہوئی تھی، جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج تھا، چوری کے بعد گاڑی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی رہی، جس پر ای چالان اصل مالک کے پتے پر بھجوائے گئے۔
شہری کو مسلسل ای چالان موصول ہونے پر اندازہ ہوا کہ اس کی چوری شدہ گاڑی لاہور میں ہی موجود ہے، اس دوران سیف سٹی کیمروں سے الرٹ موصول ہونے پر ڈولفن سکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فیصل ٹاؤن کے قریب گاڑی کو روک لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم سمیر احسان کو گرفتار کر کے چوری شدہ گاڑی سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ فیصل ٹاؤن کے حوالے کر دیا ہے۔
