(لاہور نیوز) کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے باعث جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کے لواحقین کو پنجاب حکومت نے 20، 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے والدین کو 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب نے ڈی سی لاہور کو احکامات دے دیئے، ڈی سی لاہور لواحقین کو چیک تقسیم کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کاہنہ میں گھر میں بنے ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے مٹی تلے دب کر 14 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ 8 بچے اور ایک ٹیچر انیلا زخمی ہوئیں جو کہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
زخمی خاتون ٹیچر انیلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مالی مشکلات کے باعث گزشتہ دو سال سے چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہیں، شوہر منڈی کے قریب ریڑھی لگاتے ہیں، جبکہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کیلئے وہ ٹیوشن سینٹر چلاتی ہیں، ٹیوشن سینٹر میں مجموعی طور پر 30 سے 35 بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ واقعے کے روز 20 سے 22 بچے کلاس میں موجود تھے۔
زخمی خاتون ٹیچر نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث چھت سے پانی ٹپکتا تھا، جس کی وجہ سے اس کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا، تاہم انہیں ہرگز اندازہ نہیں تھا کہ چھت اچانک گر جائے گی، اس واقعے میں ان کی بیٹی بھی زخمی ہوئی تھی، تاہم اس کی حالت بہتر ہونے پر اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ خود زیر علاج ہونے کے باعث ابھی تک اپنی بیٹی سے ملاقات نہیں کر سکیں۔
