(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ، معروف ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسر ثانیہ اشفاق نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق مزید سنگین انکشافات کرتے ہوئے سابق شوہر پر بدسلوکی، ذہنی دباؤ اور بچوں سے لاتعلقی کے الزامات عائد کر دیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر نئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ثانیہ اشفاق نے کہا ہے کہ شادی کے دوران مجھے سخت ذہنی دباؤ اور کنٹرول کرنے والے رویے کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مطابق اب عماد وسیم نہ تو بچوں کے اخراجات اٹھانا چاہتے ہیں اور نہ ہی ان سے ملاقات یا گفتگو میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم اس کے باوجود بچوں کی تحویل حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
اپنے بیان میں ثانیہ اشفاق نے لکھا کہ میرے اور ہمارے بچوں کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے باوجود وہ ایسے بیانات دے رہےہیں، پوری دنیا جانتی ہے کہ ان کی موجودہ اہلیہ کے ساتھ تعلق کب شروع ہوا، انہوں نے حمل کے دوران مجھے دھوکا دیا، حمل کے دوران ان کا حد سے زیادہ کنٹرول کرنے والا رویہ میری زندگی کو انتہائی مشکل بنا چکا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جولائی 2025ء میں برطانیہ میں ان کے رویے اور گھریلو تشدد کے الزامات کے باعث انہیں گرفتار بھی کیا گیا، جبکہ یہ خدشہ بھی تھا کہ وہ میرے بچوں کو مجھ سے الگ کرنا چاہتے ہیں، اس دوران ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے بھی مجھ پر اپنا بیان واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، جس کے باعث سوشل سروسز کو بھی مداخلت کرنا پڑی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں سوشل ورکرز نے عماد سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے بچوں سے بات کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، وہ نہ بچوں سے ملنا چاہتے ہیں اور نہ ہی ان سے بات کرنا چاہتے ہیں، مگر میری زندگی کو مسلسل مشکل بنا رہے ہیں تاکہ میں بچوں کو ان کے حوالے کر دوں، ایک ماں ہونے کے ناتے یہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، اگر آپ کو اپنے بچوں کی پرواہ نہیں تو پھر انہیں دنیا میں کیوں لائے؟ اس کے باوجود لوگوں کو یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ میں نے انہیں بچوں سے ملنے سے روکا، حالانکہ یہ حقیقت نہیں، میں اپنے بچوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گی اور ہر حال میں ان کی حفاظت کروں گی، مجھے امید ہے کہ دنیا ان کا اصل کردار دیکھے گی اور سب جان جائیں گے کہ انہوں نے ہمارے ساتھ کیا سلوک کیا۔
دوسری جانب عماد وسیم نے بھی اس معاملے پر عوامی طور پر اپنا مؤقف پیش کر دیا۔
انہوں نے انسٹا سٹوری میں جواب دیتے ہوئے ثانیہ اشفاق کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے طلاق اپنی وجوہات کی بِنا پر دی تھی اور میری زندگی کا یہ باب اب بند ہو چکا ہے، میری زندگی، میری بیوی اور میرے اہلِ خانہ کی آپ فکر نہ کریں۔
کھلاڑی نے کہا ہے کہ موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کو اس تنازع میں شامل کرنا بند کریں، ان کا اس ایشو سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ میری زندگی میں طلاق کے بعد آئی ہیں اور ماضی کو پیچھے چھوڑ کر اپنی زندگی میں آگے بڑھیں۔
عماد وسیم نے سابقہ اہلیہ کو انتباہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ حقیقت کو تسلیم کریں اور عوامی سطح پر روز روز یہ ڈرامہ بند کریں، یہ آخری مرتبہ ہے جب میں اس معاملے کا جواب عوامی سطح پر دے رہا ہوں۔
