دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کئے جانے کا امکان
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے سلیکٹرز حتمی مشاورت کیلئے بیٹھے مگر سکواڈ کا اعلان نہیں ہوا کیونکہ کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سامنے آنے کے بعد سکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا، کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کے باعث ریڈ بال کیمپ میں مزید کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ شفیق، کامران غلام اور حمزہ نذر سمیت روحیل نذیر اور عرفات منہاس کو ریڈ بال کیمپ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد رضوان اور سعود شکیل کی ریکوری پر کام کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سعود شکیل اور محمد رضوان کے بیک اپ کیلئے کھلاڑی بلائے گئے ہیں وہ ٹیم سے باہر نہیں ہوئے ہیں، ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان کے ساتھ ریڈ بال کیمپ کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ریڈ بال کیمپ میں شامل فٹنس مسائل سے دوچار کھلاڑیوں کی آئندہ ہفتے اسسمنٹ کی جائے گی اور اسسمنٹ کے بعد ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپنرز میں علی عثمان بھی سکواڈ میں شمولیت کے امیدوار ہیں جبکہ ابرار احمد سکواڈ میں شامل نہ ہوئے تو وہ ہنڈرڈ میں اپنا معاہدہ پورا کریں گے، دی ہنڈرڈ 21 جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔
