(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے پی ای سی ٹی اے کے تحریری امتحان کے شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے 16 سینئر افسران پر مشتمل خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی۔
محکمانہ ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ٹیم امتحانی عمل کی نگرانی کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے قائداعظم کیمپس میں ڈیوٹی انجام دے گی، امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ دوپہر 2 بجے سے شام 4:30 بجے تک کی جائے گی۔
تشکیل دی گئی ٹیم میں ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل ہیں، جنہیں امتحانی عمل کی شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ پر مبنی انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحان کے آغاز سے قبل اپنے مقررہ امتحانی مراکز میں پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھالیں اور انتظامات کا جائزہ لیں۔
حکام کے مطابق مانیٹرنگ ٹیم امتحانی عمل، انتظامی امور، قواعد و ضوابط پر عملدرآمد اور امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لے گی، اس کے علاوہ کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی یا خلاف ورزی کی روک تھام کیلئے خصوصی نگرانی بھی کی جائے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جبکہ سینئر افسران کو فیلڈ میں تعینات کر کے امتحانی مراکز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔
