(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ٹیم سلیکشن کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے جدید پرفارمنس ریویو سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت قومی کھلاڑیوں کی میچ ٹو میچ کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اس سسٹم کا آغاز ایف آئی ایچ پرو لیگ سے کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ اور ایشین گیمز سمیت دیگر بڑے ایونٹس میں بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جدید ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے جانچا جائے گا۔
فیصلے کے مطابق ٹیم سلیکشن، میچ حکمتِ عملی اور کھلاڑیوں کے انتخاب کو لائیو پرفارمنس ڈیٹا سے مشروط کیا جائے گا۔ کوچز کی تکنیکی آراء اور آزاد میچ مبصرین کی رپورٹس کو بھی سلیکشن کے عمل میں اہمیت دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات بھی ٹیم کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کریں گی، جبکہ سینئر، جونیئر اور ویمنز ہاکی پروگرامز کو جدید اینالیٹکس اور پرفارمنس ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کوچز، ٹیم مینجمنٹ اور اپنی قیادت کے لیے سہ ماہی احتسابی نظام نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جس کا مقصد کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور جوابدہی کے عمل کو مضبوط بنانا ہے۔
