(لاہور نیوز)محرم الحرام کے عشرہ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 4 محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر میں 31 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آج صوبہ بھر میں 278 عزاداری جلوس اور 2 ہزار 734 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جبکہ لاہور میں 17 جلوس برآمد ہوں گے اور 412 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی انتظامات میں 23 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک رہیں گے تاکہ سکیورٹی صورتحال کی مؤثر نگرانی اور فوری رابطہ ممکن بنایا جا سکے۔
