(لاہور نیوز) چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ججز کی تقرری اور عدالتی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
جوڈیشل کمیشن نے ججز کی تقرری سے متعلق رولز 2024 میں ترامیم کی منظوری دے دی جبکہ آئینی بینچوں کیلئے ججز کی نامزدگی اور انتخاب کے معیار کی بھی توثیق کر دی گئی۔
کمیشن کے مطابق آئینی بینچوں کیلئے ججز کے انتخاب کا طریقہ کار مزید واضح کر دیا گیا ہے، اجلاس میں ہائیکورٹ ججز کی کارکردگی جانچنے کیلئے مجوزہ جوڈیشل پرفارمنس ایویلیوایشن رولز 2026 پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز اور سینئر ججز سے سات روز کے اندر آراء طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ قواعد کو حتمی شکل دینے سے قبل مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان بار کونسل کی جانب سے نئی رول سازی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ بار کونسل کے نامزد رکن کی دو سالہ مدت آئینی طور پر مقرر ہے۔
اجلاس میں ایجنڈا آئٹمز نمبر ایک، تین اور چار کی منظوری بھی دی گئی، کمیشن نے ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری کے عمل کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، جو امیدواروں کے انٹرویوز کرے گی۔
کمیشن کے مطابق کمیٹی کے سربراہ کا تقرر چیف جسٹس پاکستان کریں گے۔ اجلاس میں عدالتی نظام سے متعلق مختلف انتظامی اور قانونی امور پر بھی غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
