(لاہور نیوز) سرکاری سکولوں کے 30 ہزار طلبہ کے سالانہ امتحانات کا ڈیٹا آن لائن اپ لوڈ نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر متعلقہ حکام نے سخت نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق متعدد ڈیڈ لائنز گزرنے کے باوجود ہزاروں طلبہ کا سالانہ رزلٹ سسٹم میں جمع نہیں کرایا جا سکا، جس کے باعث امتحانی ریکارڈ مکمل نہ ہو سکا، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (PEC) نے رزلٹ تاحال آن لائن جمع نہ کرانے پر متعلقہ سکولوں سے وضاحت طلب کر لی۔
لاہور میں بھی درجنوں سرکاری سکولوں کے سربراہان مقررہ وقت پر نتائج جمع نہ کرا سکے، جس کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے متعلقہ سکولوں کی فہرست جاری کر دی۔
فہرست کے مطابق جوابی کاپیاں اور امتحانی ریکارڈ جمع نہ کرانے والے اداروں میں گورنمنٹ سکول کرباٹ، غازی آباد، لدھڑ، چڑڑ پنڈ، آر اے بازار، والٹن، گوونڈ اور کسٹم کالونی کے سکول شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول انتظامیہ کی سستی اور تاخیر کے باعث سالانہ امتحانات کا ڈیٹا بروقت اپ لوڈ نہیں ہو سکا، جس سے طلبہ کے نتائج متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے متعلقہ سکول سربراہان کو دوبارہ طلبہ کا رزلٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت انتظامی کارروائی کی جائے گی۔
