(لاہور نیوز) پنجاب کے ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں تدریسی اور انتظامی عملے کی صورتحال سے متعلق اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق صوبے بھر میں ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولوں میں صرف 482 سبجیکٹ سپیشلسٹس خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹس کی تعداد بھی کم ہو کر 2811 رہ گئی ہے جبکہ پنجاب بھر میں ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے کے 3157 سرکاری سکولوں میں مستقل ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز تعینات ہیں، دوسری جانب میٹرک پاس اساتذہ کی تعداد انتہائی کم ہو کر صرف 20 رہ گئی ہے۔
تعلیمی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پنجاب میں 43 ہزار سینئر سکول ٹیچرز (SSTs) فرائض انجام دے رہے ہیں، مڈل اور پرائمری سکولوں میں تدریس کرنے والے اساتذہ کی تعداد تقریباً ڈھائی لاکھ ہے۔
پنجاب بھر میں پرائمری اور مڈل سکولوں کی تعداد 30 ہزار کے قریب بتائی گئی ہے، مزید یہ کہ حکومت کی جانب سے اب تک 11 ہزار سے زائد سکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت ٹھیکے پر دیے جا چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار صوبے کے سرکاری تعلیمی نظام میں اساتذہ، سبجیکٹ سپیشلسٹس اور انتظامی سربراہان کی دستیابی سے متعلق اہم صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔
