(لاہور نیوز) پنجاب کی تمام سرکاری جامعات میں مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے 3 کریڈٹ آورز پر مشتمل لازمی کورس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) نے اس حوالے سے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق "انٹروڈکشن ٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس" کے عنوان سے یہ کورس تمام متعلقہ ڈگری پروگرامز کا حصہ بنایا جائے گا، یہ فیصلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ایڈوائزری کی روشنی میں کیا گیا ہے اور اس کی منظوری پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کے مشاورتی اجلاس میں دی گئی۔
کورس کیلئے مجوزہ تین ماڈیولز Information Technology University نے تیار کئے ہیں، جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 45ویں اجلاس میں کورس کی آؤٹ لائنز کی باضابطہ منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق اے آئی کورس کو تمام متعلقہ ڈگری پروگرامز میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا اور جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کے مطابق اسے فوری طور پر اپنے نصاب کا حصہ بنائیں، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کورس آؤٹ لائنز تمام سرکاری جامعات کو ارسال بھی کر دی ہیں۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ گریجویٹس کی تیاری کیلئے مصنوعی ذہانت کو اعلیٰ تعلیمی پالیسی میں مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ تمام سرکاری جامعات کو کورس پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
