(لاہور نیوز) جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی اپنی مہم کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کرتے ہوئے گروپ ای کے پہلے میچ میں ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم کیوراساؤ کو 1-7 سے شکست دے دی۔
جرمن ٹیم نے دوسرے ہاف میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی اور 47 ویں منٹ میں جمال موسیالا نے گول کر کے سکور 1-4 کر دیا، اعتماد سے بھرپور جرمن کھلاڑیوں نے پورے میچ میں گیند پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، عمدہ پاسنگ، منظم کھیل اور تیز رفتار حملوں کے ذریعے مزید گولوں کی تلاش جاری رکھی۔
ان کی مسلسل دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی کو 68 ویں منٹ میں مزید کامیابی ملی جب ناتھنئیل براؤن نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر کا پہلا گول سکور کر کے جرمنی کی برتری 1-5 کر دی۔
جرمنی نے 78 ویں منٹ میں ڈینز اُنداؤ کے ذریعے چھٹا گول کیا جس سے کیوراساؤ پر ان کی مکمل برتری واضح ہو گئی، میچ کے 88 ویں منٹ میں کائی ہاورٹز نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا ساتواں گول کرکے سکور 1-7 کر دیا۔
پانچ منٹ کے اضافی وقت کے بعد میچ اختتام پذیر ہوا اور جرمنی نے ٹورنامنٹ میں ایک بڑی فتح اپنے نام کی۔
میچ کے آغاز سے ہی جرمنی نے جارحانہ انداز اپنایا اور چھٹے منٹ میں فیلکس نمیچا نے خوبصورت شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلا دی۔
تاہم پہلے 15 منٹ کے بعد کیوراساؤ نے بھی اعتماد کے ساتھ کھیلنا شروع کیا، مضبوط ٹیکلز اور تیز پاسنگ کے ذریعے انہوں نے جرمنی کے مڈفیلڈ کو پریشان کیا اور برابر ی کے گول کی کوششیں تیز کر دیں۔
ان کی محنت رنگ لائی اور 21ویں منٹ میں لیوانو کومینینسیا نے گول کرکے اسکور 1-1 کر دیا، یہ فیفا ورلڈ کپ میں کیوراساؤ کی تاریخ کا پہلا گول بھی تھا۔
جرمنی نے 30ویں منٹ میں دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کیوراساؤ کے دفاع اور گول کیپر ایلوی روم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرہ ٹال دیا۔
بالآخر 38 ویں منٹ میں نیکو شلوٹربیک نے شاندار فنش کے ذریعے جرمنی کو دوبارہ برتری دلائی اور سکور 1-2 کر دیا۔
پہلے ہاف کے اضافی وقت میں جرمنی کو پنالٹی ملی، جس پر کائی ہاورٹز نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 1-3 کر دی اور جرمنی مضبوط پوزیشن کے ساتھ وقفے میں گیا۔
