(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور (ر) کیپٹن علی اعجاز نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کا فیلڈ دورہ کیا جہاں انہوں نے شنگھائی روڈ کی تعمیراتی پیشرفت اور عاشورہ کے جلوسوں کے روٹس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالسمیع شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے، اسسٹنٹ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو شنگھائی روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شنگھائی روڈ کو کشادہ کرنے کے باعث مستقبل میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی تاہم تعمیراتی مرحلے کے دوران ٹریفک مسائل پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی مقام پر تمام حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عمل کیا جائے اور کام کے دوران اعلیٰ معیار کا اسفالٹ استعمال کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی سڑکوں سے تعمیراتی ملبہ فوری طور پر ہٹانا یقینی بنائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لاہور (ر) کیپٹن علی اعجاز نے جامعۃ المنتظر ایچ بلاک کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
منتظمین کی جانب سے 10 محرم کے جلوس کے روٹ پر بریفنگ دی گئی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوس کے روٹ پر لٹکتی ہوئی بجلی کی تاریں فوری طور پر ہٹائی جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
