(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کی جانب سے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت پنجاب بھر سے 76 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں اے کیٹگری کے 20 ہزار 611 جبکہ بی کیٹگری کے 55 ہزار 437 اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران صوبہ بھر سے 18 ہزار سے زائد عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں اے کیٹگری کے 1060 اور بی کیٹگری کے 17 ہزار سے زائد مفرور شامل ہیں، پنجاب پولیس نے رواں سال 9 ہزار 482 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا، جن میں اے کیٹگری کے 3 ہزار 473 جبکہ بی کیٹگری کے 6 ہزار 9 عادی مجرم شامل ہیں، پولیس نے 15 ہزار 568 اشتہاری مجرمان، 7 ہزار 841 عدالتی مفروروں اور 3 ہزار 590 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
